banner image

Home ur Surah At Tur ayat 42 Translation Tafsir

اَلطُّوْر

At Tur

HR Background

اَمْ یُرِیْدُوْنَ كَیْدًاؕ-فَالَّذِیْنَ كَفَرُوْا هُمُ الْمَكِیْدُوْنَﭤ(42)اَمْ لَهُمْ اِلٰهٌ غَیْرُ اللّٰهِؕ-سُبْحٰنَ اللّٰهِ عَمَّا یُشْرِكُوْنَ(43)

ترجمہ: کنزالایمان یا کسی داؤں کے ارادہ میں ہیں تو کافروں پر ہی داؤں پڑنا ہے۔ یا اللہ کے سوا ان کا کوئی اور خدا ہے اللہ کو پاکی ان کے شرک سے۔ ترجمہ: کنزالعرفان یا وہ کسی فریب کا ارادہ کر رہے ہیں تو کافر خودہی (اپنے) فریب کا شکار ہونے والے ہیں ۔ یا اللہ کے سوا ان کا کوئی اور خدا ہے؟ اللہ ان کے شرک سے پاک ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{ اَمْ یُرِیْدُوْنَ كَیْدًا: یا وہ کسی فریب کا ارادہ کر رہے ہیں ۔} یعنی اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، یہ مشرکین زبانی طور پر ہی آپ کی مخالفت نہیں  کرتے بلکہ وہ کسی فریب کا ارادہ کر رہے ہیں  اور دارُالنَّدْوَہ میں  جمع ہو کر اللہ تعالیٰ کے حبیب نبی، ہادیٔ برحق صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو نقصان پہنچانے اور قتل کرنے کے مشورے کررہے ہیں  تو کافر خود ہی اپنے فریب کا شکار ہونے والے ہیں  اور ان کی دھوکہ دہی اور فریب کا وبال اُنہیں  پرپڑے گا۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا، اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو مشرکین کے فریب سے محفوظ رکھا اور بدر میں  مشرکین کو ہلاک کر دیا۔(روح البیان، الطور، تحت الآیۃ: ۴۲، ۹ / ۲۰۴، جلالین، الطور، تحت الآیۃ: ۴۲، ص۴۳۷، ملتقطاً)

{ اَمْ لَهُمْ اِلٰهٌ غَیْرُ اللّٰهِ: یا اللہ کے سوا ان کا کوئی اور خدا ہے؟} یعنی کیا اللہ تعالیٰ کے علاوہ مشرکین کا کوئی اور خدا ہے جو انہیں  روزی دیتا ہو اور انہیں اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچا سکتا ہو حالانکہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ اور کوئی معبود ہی نہیں  ہے اوراللہ تعالیٰ ان کے شرک سے پاک ہے۔(خازن، الطور، تحت الآیۃ: ۴۳، ۴ / ۱۸۹، مدارک، الطور، تحت الآیۃ: ۴۳، ص۱۱۷۶، ملتقطاً)