banner image

Home ur Surah Az Zukhruf ayat 61 Translation Tafsir

اَلزُّخْرُف

Az Zukhruf

HR Background

وَ اِنَّهٗ لَعِلْمٌ لِّلسَّاعَةِ فَلَا تَمْتَرُنَّ بِهَا وَ اتَّبِعُوْنِؕ-هٰذَا صِرَاطٌ مُّسْتَقِیْمٌ(61)

ترجمہ: کنزالایمان اور بیشک عیسیٰ قیامت کی خبر ہے تو ہرگز قیامت میں شک نہ کرنا اور میرے پیرو ہونا یہ سیدھی راہ ہے۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور بیشک عیسیٰ ضرورقیامت کی ایک خبر ہے تو ہرگز قیامت میں شک نہ کرنا اور میری پیروی کرنا۔ یہ سیدھا راستہ ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ اِنَّهٗ لَعِلْمٌ لِّلسَّاعَةِ: اور بیشک عیسیٰ ضرورقیامت کی ایک خبر ہے۔} اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے ارشاد فرمایا کہ آپ فرما دیں : ’’حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا آسمان سے دوبارہ زمین پر تشریف لانا قیامت کی علامات میں  سے ہے،تو اے لوگو! ہرگز قیامت کے آنے میں  شک نہ کرنا اور میری ہدایت اور شریعت کی پیروی کرنا، یہ سیدھا راستہ ہے جس کی میں  تمہیں  دعوت دے رہا ہوں ۔(مدارک، الزّخرف، تحت الآیۃ: ۶۱، ص۱۱۰۴، ملخصاً)

قیامت کے قریب حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا تشریف لانا برحق ہے:

            اس آیت سے معلوم ہوا کہ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا قیامت کے قریب آسمان سے زمین پر تشریف لانا برحق ہے کیونکہ ان کا آنا قیامت کی علامت ہے، لیکن یہ یاد رہے آپ کا وہ آناسیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی امت کا نبی بن کر نہیں  بلکہ آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہو گا۔یہاں  حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے آسمان سے نازل ہونے کے بارے میں  3اَحادیث بھی ملاحظہ ہوں ،

(1)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’اس ذات کی قسم !جس کے قبضے میں  میری جان ہے،قریب ہے کہ تم میں  حضرت ابنِ مریم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نازل ہوں  گے جو انصاف پسند ہوں  گے ،صلیب کو توڑیں  گے،خنزیر کو قتل کریں  گے،جِزیَہ مَوقوف کر دیں  گے اور مال اتنا بڑھ جائے گا کہ لینے والا کوئی نہ ہو گا۔( بخاری، کتاب البیوع، باب قتل الخنزیر، ۲ / ۵۰، الحدیث: ۲۲۲۲)

(2)…حضرت نواس بن سمعان کلابی رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’(دجال ظاہر ہونے کے بعد)اللہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو بھیجے گا تو وہ جامع مسجد دمشق کے سفید مشرقی مینارے پر اس حال میں  اتریں  گے کہ انہوں  نے ہلکے زرد رنگ کے دو حُلّے پہنے ہوں  گے اور انہوں  نے دو فرشتوں  کے بازوؤں  پر ہاتھ رکھے ہوں  گے ،جب آپ سر نیچاکریں  گے تو پانی کے قطرے ٹپک رہے ہوں  گے اور جب آپ سر اٹھائیں  گے تو موتیوں  کی طرح سفید چاندی کے دانے جھڑ رہے ہوں  گے۔(مسلم ، کتاب الفتن و اشراط الساعۃ ، باب ذکر الدجال و صفتہ و ما معہ، ص۱۵۶۸، الحدیث: ۱۱۰(۲۱۳۷)، ابو داؤد، اول کتاب الملاحم، باب ذکر خروج الدجال، ۴ / ۱۵۷، الحدیث: ۴۳۲۱)

(3)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’میرے اور حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے درمیان کوئی نبی نہیں  اور وہ (قیامت کے قریب آسمان سے) نازل ہوں  گے، جب تم انہیں  دیکھو گے تو پہچان لوگے،ان کا رنگ سرخی آمیز سفید ہو گا،قد درمیانہ ہو گا،وہ ہلکے زرد رنگ کے حُلّے پہنے ہوئے ہوں  گے ،ان پر تری نہیں  ہو گی لیکن گویا ان کے سر سے پانی کے قطرے ٹپک رہے ہوں  گے ،وہ اسلام پر لوگوں  سے قتال کریں  گے ،صلیب توڑ دیں  گے ،خنزیر کو قتل کریں  گے،جِزیَہ مَوقوف کر دیں  گے ،اللہ تعالیٰ ان کے زمانے میں  اسلام کے سوا باقی تمام مذاہب کو مٹا دے گا،حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام مسیح دجال کو ہلاک کریں  گے ،چالیس سال زمین میں  قیام کرنے کے بعد وفات پائیں  گے اور مسلمان ان کی نمازِ جنازہ پڑھیں  گے ۔( ابو داؤد، اول کتاب الملاحم، باب ذکر خروج الدجال، ۴ / ۱۵۸، الحدیث: ۴۳۲۴)

قیامت کی 10علامات:

            قیامت کی ایک علامت اس آیت میں  بیان ہوئی اور چند علامات اس حدیثِ پاک میں  بیان ہوئی ہیں ۔ چنانچہ حضرت حذیفہ بن اسید غفاری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں ،نبی اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہمارے پاس اس دوران تشریف لائے جب ہم آپس میں  گفتگو کر رہے تھے۔ آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’تم کیا باتیں  کر رہے تھے۔ہم نے عرض کی:ہم قیامت کے بارے میں  گفتگو کر رہے تھے۔ ارشاد فرمایا’’اس وقت تک قیامت نہیں  آئے گی جب تک تم ا س کے بارے میں  دس نشانیاں  نہ دیکھ لو (1)دھواں  (2)دجال(3)دابۃ الارض، (ایک عجیب و غریب شکل و صورت کا جانور) (4)سورج کا مغرب سے طلوع ہونا (5)حضرت عیسیٰ بن مریم کا نزول(6)یاجوج ماجوج (7)مشرق میں  زمین دھنسنا(8)مغرب میں  زمین دھنسنا (9)جزیرۂ عرب میں  زمین دھنسنا(10) یمن سے ایک آگ نکلے گی جو لوگوں  کو ہَنکا کر میدانِ محشر کی طرف لے آئے گی۔( مسلم، کتاب الفتن واشراط الساعۃ، باب فی الآیات التی تکون قبل الساعۃ، ص۱۵۵۱، الحدیث: ۳۹(۲۹۰۱))