banner image

Home ur Surah Qaf ayat 17 Translation Tafsir

اِذْ یَتَلَقَّى الْمُتَلَقِّیٰنِ عَنِ الْیَمِیْنِ وَ عَنِ الشِّمَالِ قَعِیْدٌ(17)

ترجمہ: کنزالایمان جب اس سے لیتے ہیں دو لینے والے ایک داہنے بیٹھا اور ایک بائیں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان جب اس سے لینے والے دو فرشتے لیتے ہیں ،ایک دائیں جانب اور دوسرا بائیں جانب بیٹھا ہوا ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{اِذْ یَتَلَقَّى الْمُتَلَقِّیٰنِ:  جب اس سے لینے والے دو فرشتے لیتے ہیں ۔} یعنی ہم اس وقت بھی انسان کے دل کی رگ سے زیادہ اس کے قریب ہوتے ہیں  جب انسان کا ہر عمل اور ہر بات لکھنے پر مامور دو فرشتے ا س کا ہر قول اور فعل لکھ لیتے ہیں  ،ان میں  سے ایک فرشتہ دائیں  جانب نیکیاں  لکھنے کیلئے اور دوسرا بائیں  جانب برائیاں  لکھنے کیلئے بیٹھا ہوا ہے۔

اس سے معلوم ہو اکہ اللہ تعالیٰ فرشتوں  کے لکھنے سے بھی بے نیاز ہے کیونکہ وہ سب سے زیادہ پوشیدہ چیز کو بھی جاننے والا ہے اور نفس کے وسوسے تک اس سے چھپے نہیں  ہیں  البتہ یاد رہے کہ فرشتوں  کا لکھنا حکمت کے تقاضے کے مطابق ہے کہ قیامت کے دن ہر شخص کے اعمال نامے اس کے ہاتھ میں  دے دیئے جائیں ۔(خازن، ق، تحت الآیۃ: ۱۷، ۴ / ۱۷۶، مدارک، ق، تحت الآیۃ: ۱۷، ص۱۱۶۱، ملتقطاً)