سورۂ قٓ کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس
میں مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے کا ثبوت پیش کیا گیا اور اسلام کے اس بنیادی
عقیدے کا انکار کرنے والوں کا رد کیا گیا
ہے اور ا س سورت میں یہ چیزیں بیان کی گئی ہیں ۔
(1)…اس سورت کی ابتداء
میں آسمانوں کی ستونوں کے بغیر تخلیق،ان میں ستاروں کو سجائے جانے ،آسمانوں میں شگاف نہ ہونے،زمین کو پانی پر پھیلانے،اس میں بڑے بڑے پہاڑوں کو نَصب کرنے،خوبصورت پودے اُگانے، آسمان کی
طرف سے بارش کا پانی نازل کر کے زمین میں درخت اور اناج اُگانے اور ان کے فوائد بیان کر کے مُردوں کو زندہ کرنے پر اللہ تعالیٰ کے قادر
ہونے کے دلائل بیان کئے گئے ہیں ۔
(2)…سابقہ امتوں جیسے حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی
قوم، اصحابِ رَس،ثمود،عاد،فرعون، حضرت لوط عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی
قوم،اصحابِ اَیکہ،حضرت شعیب عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم
اور قومِ تُبَّع کے بارے میں بتایا گیا کہ
جب انہوں نے اللہ تعالیٰ کے
رسولوں کو جھٹلایا تو ان پر اللہ
تعالیٰ کا عذاب نازل ہوا لہٰذا کفارِ مکہ کوبھی ڈر جانا چاہئے کہ ان جیسے عمل کر
کے کہیں یہ بھی اللہ تعالیٰ کے عذاب
میں مبتلا نہ ہو جائیں ۔
(3)…یہ بتایا گیا کہ
ہر انسان کے دائیں بائیں ایک ایک فرشتہ بیٹھا ہو اہے جو کہ انسان کا ہر
قول اور عمل لکھ رہے ہیں ۔
(4)…موت کی سختیاں
،حشر اورحساب کی ہَولْناکیاں بیان کی گئیں
۔
(5)… مُتَّقی
لوگوں کا وصف اور ان کی جزاء بیان کی گئی
اور یہ بتایا گیا کہ سابقہ امتوں کی ہلاکت
سے عبرت اور نصیحت وہ حاصل کرتا ہے جو حق قبول کرنے والا دل رکھتا ہو یا کان لگا
کر اور دل سے حاضر ہوکر قرآن کی نصیحتیں سنتا ہو۔