Home ≫ ur ≫ Surah Qaf ≫ ayat 32 ≫ Translation ≫ Tafsir
هٰذَا مَا تُوْعَدُوْنَ لِكُلِّ اَوَّابٍ حَفِیْظٍ(32)
تفسیر: صراط الجنان
{هٰذَا مَا تُوْعَدُوْنَ: یہ وہ ہے جس کاتم سے
وعدہ کیا جاتا رہا۔} جب جنت قریب لائی جائے گی تو مُتّقی
لوگوں سے کہا جائے گا:یہ وہ جنت ہے جس کا رسولوں کے
ذریعے دنیا میں تم سے وعدہ کیا جاتا اور یہ وعدہ ہر اس شخص کے لئے ہے
جو رجوع کرنے والا اور حفاظت کرنے والا ہے ۔
آیت
میں ’’رجوع کرنے والے‘‘سے مراد کون ہے اس کے بارے
میں مفسرین کے مختلف اَقوال ہیں ،ان میں سے تین
قول درج ذیل ہیں ،
(1)…اس سے مراد وہ شخص ہے جو
مَعْصِیَت و نافرمانی کو چھوڑ کر اطاعت اختیار کرے۔
(2)…حضرت سعید بن مسیب رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں ’’اَوَّابٍ‘‘ وہ ہے جو گناہ کرے پھر توبہ کرے، پھر اس سے گناہ
صادر ہو پھر توبہ کرے ۔
(3)…اس سے مراد وہ شخص ہے جو
تنہائی میں اپنے گناہوں کو یاد کر کے ان سے مغفرت طلب کرے۔
اسی
طرح ’’حفاظت کرنے والے‘‘ سے کون مراد ہے ،اس کے بارے میں بھی مفسرین کے
مختلف اَقوال ہیں ، ان میں سے چار قول درج ذیل ہیں
(1)…اس سے مراد وہ شخص ہے
جو اللہ تعالیٰ کے حکم کا لحاظ
رکھے۔
(2)…حضرت عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہ
تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں :
اس سے مراد وہ شخص ہے جو اپنے آپ کو گناہوں سے محفوظ رکھے اوراُن سے
استغفار کرے ۔
(3)… اس سے مراد وہ شخص
ہے جو اللہ تعالیٰ کی
امانتوں اور اس کے حقوق کی حفاظت کرے۔
(4)… اس سے مراد وہ شخص
ہے جو طاعات کا پابند ہو، خدا اور رسول کے حکم بجالائے اور اپنے نفس کی نگہبانی
کرے یعنی ایک دم بھی یادِ الٰہی سے غافل نہ ہو۔( خازن، ق، تحت الآیۃ: ۳۲، ۴ / ۱۷۸)