banner image

Home ur Surah Saba ayat 4 Translation Tafsir

سَبَا

Surah Saba

HR Background

لِّیَجْزِیَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِؕ-اُولٰٓىٕكَ لَهُمْ مَّغْفِرَةٌ وَّ رِزْقٌ كَرِیْمٌ(4)

ترجمہ: کنزالایمان تاکہ صلہ دے انہیں جو ایمان لائے اور اچھے کام کئے یہ ہیں جن کیلئے بخشش ہے اور عزت کی روزی۔ ترجمہ: کنزالعرفان تاکہ اللہ ایمان لانے والوں اور اچھے اعمال کرنے والوں کو بدلہ دے ،ان کے لیے بخشش اور عزت کی روزی ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{لِیَجْزِیَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا: تاکہ اللہ ایمان لانے والوں  کو بدلہ دے۔} اس آیت میں  قیامت قائم کرنے کی حکمت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ بیشک قیامت تم پرضرور آئے گی تاکہ اللہ تعالیٰ ایمان لانے والوں  اور اچھے اعمال کرنے والوں  کو بدلہ دے ،ان عظیم صفات والے لوگوں  کے لیے ایمان اور اچھے اعمال کے بدلے میں  بخشش اور عزت کی روزی ہے۔(ابوسعود، سبأ، تحت الآیۃ: ۴، ۴ / ۳۳۹، ملخصاً)

             بعض مفسرین نے اس آیت کے یہ معنی بھی بیان کئے ہیں  کہ ذرے سے بھی چھوٹی بڑی ہر چیز کو لوحِ محفوظ میں  لکھ دیا گیا تا کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں  کو بدلہ دے جو اللہ تعالیٰ اورا س کے رسول پر ایمان لائے اور انہوں  نے وہ کام کئے جن کا اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول نے حکم دیا اور جن کاموں  سے منع کیا ان سے اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی اطاعت کرتے ہوئے رک گئے ، یہی وہ لوگ ہیں  جن کے لئے ان کے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے بخشش اور قیامت کے دن جنت میں  عزت کی روزی ہے۔( تفسیر طبری، سبأ، تحت الآیۃ: ۴، ۱۰ / ۳۴۶)