Home ≫ ur ≫ Surah Saba ≫ ayat 5 ≫ Translation ≫ Tafsir
وَ الَّذِیْنَ سَعَوْ فِیْۤ اٰیٰتِنَا مُعٰجِزِیْنَ اُولٰٓىٕكَ لَهُمْ عَذَابٌ مِّنْ رِّجْزٍ اَلِیْمٌ(5)
تفسیر: صراط الجنان
{وَ الَّذِیْنَ سَعَوْ فِیْۤ اٰیٰتِنَا مُعٰجِزِیْنَ: اور جنہوں نے ہم سے مقابلہ کرتے ہوئے ہماری آیتوں میں کوشش کی۔} اس سے پہلی آیت میں قیامت کے دن اہلِ ایمان کا حال بیان کیا گیا اورا س آیت میں کفار کا حال بیان کیا جا رہا ہے کہ جنہوں نے ہم سے مقابلہ کرتے ہوئے ہماری آیتوں کو جھٹلانے میں کوشش کی اور ان پر اعتراضات کرکے اور اُنہیں شعر اور جادو وغیرہ بتا کر لوگوں کو ان کی تصدیق کرنے سے روکنا چاہا، ان کے لیے سخت عذاب میں سے دردناک عذاب ہے۔( ابو سعود، سبأ، تحت الآیۃ: ۵، ۴ / ۳۳۹، ملخصاً)
اللہ تعالیٰ کی آیتوں میں کوشش کی دو اَقسام:
یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ کی آیتوں میں کوشش دو طرح کی ہے۔ ایک اچھی اور دوسری بری۔قرآن پاک کی آیات کو سمجھنے یا سمجھانے کی کوشش، ان سے مسائل و اَسرار نکالنے کی کوشش اچھی اور عبادت ہے ،لیکن انہیں غلط ثابت کرنے، ان میں باہمی ٹکراؤ دکھانے اور انہیں جھٹلانے کی کوشش بری اورکفر ہے۔ یہاں آیت میں یہ دوسری کوشش مراد ہے۔ کفار کی جانب سے قرآنِ پاک کی آیتوں پر اعتراضات وغیرہ کا مزید بیان اسی سورت کے آخری رکوع میں آئے گا۔