banner image

Home ur Surah Taha ayat 14 Translation Tafsir

اِنَّنِیْۤ اَنَا اللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّاۤ اَنَا فَاعْبُدْنِیْۙ-وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ لِذِكْرِیْ(14)

ترجمہ: کنزالایمان بیشک میں ہی ہوں اللہ کہ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو میری بندگی کر اور میری یاد کے لیے نماز قائم رکھ۔ ترجمہ: کنزالعرفان بیشک میں ہی اللہ ہوں ،میرے سوا کوئی معبود نہیں تو میری عبادت کر اور میری یاد کے لیے نماز قائم رکھ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{اِنَّنِیْۤ اَنَا اللّٰهُ:بیشک میں  ہی  اللہ ہوں ۔}ارشاد فرمایا کہ اے موسیٰ! عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام، بیشک میں  ہی  اللہ ہوں  اور میرے سوا کوئی معبود نہیں ، تو تم میری عبادت کرو اور میری یاد کے لیے نماز قائم رکھو تاکہ تم اس میں  مجھے یاد کرو اور میری یاد میں  اخلاص ہوا ور میری رضا کے علاوہ کوئی دوسری غرض مقصود نہ ہو، اسی طرح اس میں  ریا کا دخل نہ ہو۔آیت کے آخری حصے ’’وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ لِذِكْرِیْ‘‘ کا ایک معنی یہ بھی بیان کیاگیا ہے کہ تم میری نماز قائم رکھو تاکہ میں  تجھے اپنی رحمت سے یاد فرماؤں ۔( خازن، طہ، تحت الآیۃ: ۱۴، ۳ / ۲۵۰، مدارک، طہ، تحت الآیۃ: ۱۴، ص۶۸۸، ملتقطاً)

آیت’’وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ لِذِكْرِیْ‘‘ سے حاصل ہونے والی معلومات:

            اس آیت سے 3 باتیں  معلوم ہوئیں

(1)… ایمان کے بعد سب سے اہم فریضہ نماز ہے۔

(2)… نماز کی ادائیگی اخلاص کے ساتھ،  اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لئے اور اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی یاد کیلئے ہونی چاہیے نہ کہ لوگوں  کو دکھانے کیلئے۔

(3)… نمازادا کرنے والے بندے کو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اپنی رحمت کے ساتھ یاد فرماتا ہے ۔